لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پر امید ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پورا پاکستان بھارتی ٹیم کا منتظر ہے، مجھے امید ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گی۔وسیم اکرم نے کہا کہ تمام ٹیموں کا شاندار استقبال ہوگا اور چیمپئنز ٹرافی میں کرکٹ بھی بہت اچھی ہوگی، چیمپئنز ٹرافی کے لیے سہولیات بہت اچھی ہیں اور اچھے اسٹیڈیم تیار ہو رہے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے، مجھے امید ہے کہ تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں تمام ٹیمز، فینز اور میڈیا کے نمائندوں سے کہوں گا کہ وہ آئیں اور دیکھیں کہ یہاں کتنی اچھی سہولیات ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمئنز ٹرافی فروری اور مارچ 2025 میں کھیلی جانی ہے۔
پاکستان نے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی شیئر کر دیا ہے جس کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رکھے گئے ہیں۔