کراچی: ملک کی دو بڑی آٹو مینوفیکچررز ہونڈا اٹلس کارز اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) نے ضروری خام مال کی قلت کے باعث پروڈکشن پلانٹس عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انوینٹری لیول کی کمی کی وجہ سے کمپنی کی انتظامیہ نے آٹوموبائل پلانٹ کو 25 اکتوبر 2023 سے 27 اکتوبر 2023 تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایس ایم سی نے اپنے کمپنی سیکریٹری کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا موٹر سائیکل پلانٹ اپنا کام جاری رکھے گا، اسی طرح کا اعلان ہونڈا اٹلس کارز نے بھی اپنے کمپنی سیکریٹری کے ذریعے کیا تھا۔
کمپنی کی سپلائی چین کے اندر انوینٹری اور پارٹس کی موجودہ سطح کی کمی نے آپریشنز کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ نتیجتا کمپنی پیداوار جاری رکھنے سے قاصر ہے اور اس کے نتیجے میں وہ 24 اکتوبر 2023 سے 31 اکتوبر 2023 تک اپنا پلانٹ روک دے گی۔
آٹوموٹو کمپنیوں کی جانب سے شٹ ڈاؤن ایک وسیع تر مسئلے کی عکاسی کرتا ہے جو ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان کے آٹوموبائل سیکٹر کو متاثر کر رہا ہے۔ انوینٹری کی سطح میں کمی نے صنعت میں عارضی شٹ ڈاؤن کا ایک چکر چلایا ہے۔
حال ہی میں انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) نے اس وقت سرخیوں میں جگہ بنائی جب اس نے اعلان کیا کہ وہ اپنے پیداواری پلانٹ کو پورے ایک ماہ کے لیے بند کر دے گا، جس سے سپلائی چین کے ان چیلنجز کے اثرات مزید بڑھ جائیں گے۔
آئی ایم سی کی ایک ماہ طویل شٹ ڈاؤن اس بات پر زور دیتی ہے کہ ان مسائل کے پاکستان کے صنعتی منظر نامے پر وسیع اور دور رس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
یہ مسئلہ صرف آٹوموبائل سیکٹر تک محدود نہیں ہے، آٹو پارٹس مینوفیکچررز اور درآمد شدہ خام مال پر انحصار کرنے والی کمپنیوں سمیت صنعتوں کی ایک وسیع رینج بھی اسی طرح کی حالت میں ہے۔
اس کی وجہ سے کاروباری اداروں کو وقفے وقفے سے شٹ ڈاؤن کا سہارا لینے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، جس سے سپلائی چین مزید تناؤ کا شکار ہوتا ہے۔
ضروری خام مال کی جاری قلت کی بنیادی وجہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی ہے، اس چیلنج کے نتیجے میں لیٹرآف کریڈٹ (ایل سی) کھولنے کا ایک مشکل عمل شروع ہوا ہے، جس سے اہم اجزاء درآمد کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔
نتیجتا، آٹوموبائل مینوفیکچررز سے لے کر ان کے سپلائرز تک، پوری سپلائی چین کو شدید رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کے پاس عارضی طور پر پیداوار روکنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوتا ہے۔
ہونڈا اٹلس کارز اور پی ایس ایم سی کی عارضی بندش پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر کے استحکام اور پیداواری صلاحیت کے لیے سپلائی چین کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔
اشاعت کے مطابق، حکومت کے ساتھ اسٹیک ہولڈرز کو بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہوگی۔