کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے استعیفوں کو کالعدم قرار دینے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں قومی اسمبلی کی نشستیں بحال کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کراچی کے 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکے جائیں، ضمنی الیکشن کے انعقاد کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواستگزاروں میں آفتاب صدیقی، سیف الرحمان خان، فہیم خان، عطا اللہ خان، آفتاب جہانگیر اور دیگر نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے استعفی منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر تمام اراکین اسمبلی کو نشستوں پر بحال کردیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضمنی الیکشن روکنے کا بھی حکم دیا ہے، جس فیصلے کے بعد کراچی میں ضمنی الیکشن کا جواز نہیں۔
تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کے 9 اراکین اسمبلی سندھ ہائیکورٹ آئے ہیں، 11 اپریل کو استعفی دیا تھا، اسپیکر صاحب نے منظوری سے ہمیشہ منع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے کہا استعفے واپس لینا چاہتے ہیں اور اسمبلی آنا چاہتے ہیں تو استعفے فوری منظور کر لئے گئے۔
آفتاب صدیقی نے کہا 9 ماہ تک ہمارے استعفی ہوا میں معلق رہے، بلدیاتی امیدواران کے بھی تاحال نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیئے گئے ہیں۔