سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اسلام نے موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں میدان کے اندر اور باہر نظم و ضبط پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ہیڈن، جو اس سے قبل پاکستان ٹیم کے مینٹور کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، نے حیدرآباد میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچ کی کمنٹری کے دوران یہ نقطہ نظر پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کی توجہ اسلام کے گرد مرکوز ہے، جو اس پلیئنگ یونٹ کا مرکزی اور بنیادی حصہ ہے۔
پاکستان ٹیم میں طرز زندگی زیادہ نظم و ضبط کا باعث بنتا ہے جس کی میں بہت تعریف کرتا ہوں، آخر کرکٹ بھی ایک ڈسپلن ہے۔
ہیڈن نے کہا کہ آپ کو پرعزم، سرمایہ کاری اور مستقل مزاجی سے کام لینا ہوگا، یہ وہ تمام چیزیں ہیں جن کی اسلام ثقافت میں نمائندگی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے وارم اپ میچ میں پاکستان کو 14 رنز سے شکست دی تھی، کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار کارکردگی کے باوجود پاکستان 352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہا جو وارم اپ میچوں میں مسلسل دوسری شکست ہے۔
پاکستان کو ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو اسی مقام پر نیدرلینڈز کے خلاف کھیلنا ہے۔