کوئٹہ کی ایک عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھتیجے اور ان کے فوکل پرسن برائے قانونی امور حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی۔
حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ تھری جمیل احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ پولیس نے ان کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
ملزم کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی استدعا کی جسے منظور کرلیا گیا، عدالت نے حسان نیازی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم کے بھتیجے کو زمان پارک آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کو ریاستی معاملات میں مداخلت پر اکسانے کے الزام میں اسلام آباد سے کوئٹہ ایئرپورٹ تھانے منتقل کیا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے الزام میں ان کے فوکل پرسن اور بھتیجے حسان نیازی کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے حسان کو جی 11 جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کیا اور ان پر جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس وین اور اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا، جب پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔