اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھتیجے حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے باہر گرفتار نیازی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے ریمانڈ منظور ہونے کے فوری بعد پی ٹی آئی نے اس فیصلے کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں چیلنج کیا۔
اسلام آباد کی عدالت میں حسان نیازی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے دلائل سننے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران حسان نیازی کے وکیل قیصر امام نے کہا کہ ایف آئی آر میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔
اپنے موکل کے دفاع کے دوران وکیل نے حسان نیازی کے خلاف الزامات پر سوال اٹھایا اور شک کا اظہار کیا کہ وہ ہتھیار رکھنے کے باوجود مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کیوں کریں گے۔