جے یو آئی ایف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کے لیے مختصر حج کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ مختصر حج 18 سے 20 دن کا ہوگا اور اس کے انتخاب کا فیصلہ عازمین خود کریں گے۔
چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ مختصر حج کا دورانیہ 18 سے 30 دن تک ہونا چاہیے۔
نگران وزیر نے کہا کہ اس تجویز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
انیق احمد نے حال ہی میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ساتھ مملکت کے دورے کے دوران آئندہ سال کے لئے حج کے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
احمد سعودی عرب کے ایک ہفتے کے دورے پر تھے، انہوں نے مکہ روٹ انیشی ایٹو کی توسیع کا جائزہ لینے کے لئے سینئر حکام سے ملاقات کی، جس سے اسلام آباد سے باہر پاکستانی عازمین کو اس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سعودی وزیر سے بات چیت کے بعد احمد نے اعلان کیا کہ سعودی عرب نے آئندہ سال حج کی تیاری کرنے والے پاکستانی عازمین کے لئے سہولیات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے عازمین حج کے لئے رہائش، کھانے اور سفر کے انتظامات کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنی وزارت کی جانب سے جاری ایک بیان میں احمد نے پاکستانی زائرین کے لئے پروازوں کے شیڈول کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی اپنی درخواست سے بھی آگاہ کیا اور زور دیا کہ انہیں مذہبی مقامات کے قریب رکھا جائے۔
انہوں نے مکہ روٹ منصوبے کو اسلام آباد سے باہر دیگر شہروں تک پھیلانے کی وکالت کی تاکہ تمام پاکستانی عازمین حج کے لئے حج کے سفر کو مزید قابل رسائی اور آسان بنایا جاسکے۔