ملتان سکھر موٹروے پر گڈو انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق تیز رفتار کار ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کا شکار ہونے والی کار سکھر سے مرید شاخ جا رہی تھی جس میں خاندان کے 10 افراد سوار تھے۔
ان میں ایک نوبیاہتا جوڑا بھی شامل تھا، جس کی دو دن پہلے شادی ہوئی تھی، وہ فیملی کے دیگر ممبروں کے ساتھ دولہے کے سسرال جا رہے تھے۔
تصادم میں دلہن جان کی بازی ہار گئی جبکہ دولہا زخمی ہوگیا، موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ٹرک اور اس کے ڈرائیور کو قبضے میں لے لیا ہے۔