بلوچستان کی صوبائی انتظامیہ نے شہریوں کو معیاری ٹرانسپورٹ خدمات کی فراہمی کے لئے صوبائی دارالحکومت میں انٹر سٹی گرین بس سروس کا آغاز کردیا۔
کوئٹہ میں گرین بس سروس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا، آٹھ بسوں پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ کا مقصد کوئٹہ کے شہریوں کو سستی اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل خان نے گرین بس سروس کے آغاز پر جوش و خروش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، بلوچستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس طرح کی سروس متعارف کرائی گئی ہے۔
گرین بسیں شہر بھر میں مختلف روٹس پر چلیں گی، جن میں ایئرپورٹ روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ اور بلوچستان یونیورسٹی شامل ہیں۔
یہ اقدام عوامی نقل و حمل کو جدید بنانے اور سفر کے ماحول دوست طریقوں کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کی منظوری وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیر قیادت حکومت نے دی تھی۔
کوئٹہ میں گرین بس سروس کا آغاز شہر کے نقل و حمل کے منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ تین دہائیوں سے ایک پرانا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ہے، بسوں کے لئے صرف سات روٹس ہیں۔