اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کو 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے پر قائل کرنے لیے مزید لگژری اشیاء پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 18 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کی سمری پیش کردی ہے۔
سمری سرکولیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے اور فہرست میں مزید اشیاء شامل کرنے کے لئے اس کی منظوری کا انتظار ہے۔
حکومت نے ان اشیاء کی فہرست میں اضافہ کیا ہے، جن پر اس کا مقصد 25 فیصد کی زیادہ جی ایس ٹی شرح عائد کرنا ہے۔
ان اشیاء میں ہوائی جہاز اور کشتیاں / جہاز (خوشی، تفریح، اور نجی استعمال کے لئے) زیورات، اور کلائی کی گھڑیاں شامل ہیں۔
مقامی طور پر تیار کی جانے والی موٹر گاڑیاں، جن پر 25 فیصد کی زیادہ شرح سے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، ان میں صرف ایس یو وی اور سی یو وی، 1400 سی سی اور اس سے زیادہ انجن کی گنجائش والی گاڑیاں اور کواڈ کیب پک اپ 4×4 ٹرک شامل ہیں۔
تاہم 50 کلو واٹ کی بیٹری گنجائش تک کی مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک وہیکلز، الیکٹرک تھری وہیلرز، ای بائیکس اور 2500 سی سی تک کی ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز کی کیٹیگریز کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے آٹھویں شیڈول کے تحت فراہم کردہ کم شرح پر چارج کیا جاتا رہے گا۔
مزید برآں، تمام کمرشل گاڑیاں، یعنی ریگولر کیب (دو دروازوں والی) پک اپ ٹرک اور مسافر ٹرانسپورٹ گاڑیاں بھی اس فہرست سے باہر ہیں۔
یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 3 کی ذیلی شق (2) کی شق (اے) کی پہلی شرط کے ساتھ ذیلی سیکشن (2) کی شق (بی) کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے لگژری اشیاء (فی الحال سیلز ٹیکس کی معیاری شرح کے قابل) پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 18 سے بڑھا کر 25 فیصد کر سکتی ہے۔
ٹیکس کے اس اقدام سے درآمدی لگژری اشیاء پر 7 ارب روپے اور مقامی طور پر تیار کردہ لگژری گاڑیوں پر 4 ارب روپے کے محصولات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
25 فیصد سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کے لیے منتخب کی جانے والی درآمدی اشیا وہی اشیا ہیں، جنہیں کابینہ نے لگژری سامان کے طور پر مقرر کیا ہے۔