اطلاعات کے مطابق حکومت نگران حکومت کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر اپنے اتحادیوں کو قائل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
الیکشن ریفارمز کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکومت نے نگراں حکومت کے اختیارات سے متعلق الیکشن بل سے شق 230 نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹیکل 230 میں مزید ترمیم کی جائے گی، نگران حکومت کو دو طرفہ اور سہ فریقی معاہدوں میں داخل ہونے کا اختیار ہوگا۔
اسے عالمی اداروں کے ساتھ جاری منصوبوں کے بارے میں بات چیت کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
نگران حکومت کے اختیارات محدود ہوں گے کیونکہ وہ کوئی نیا معاہدہ نہیں کر سکے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیٹ اپ پہلے سے جاری پروگراموں اور منصوبوں سے متعلق اختیارات بھی استعمال کرسکے گا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ بل کی متنازع شق کو ہٹایا جائے کیونکہ نگران حکومت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔
اجلاس مسلم لیگ (ن) کے وزیر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر تاج حیدر اور بیرسٹر علی ظفر نے بھی شرکت کی۔
دستاویز کے مطابق الیکشن (ترمیمی) بل 2023 کے مسودے میں 54 ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
بل کی اہم شقوں میں سے ایک دفعہ 230 کی ذیلی شق 2 اے بھی شامل ہے جس کے تحت نگراں حکومت کو اضافی اختیارات دیے گئے ہیں۔
مجوزہ ترمیم کے تحت نگران حکومت کو عالمی اداروں کے ساتھ معاہدوں سمیت ملکی معیشت کے لیے ضروری فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ بل میں انتخابی عمل میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔