اسلام آباد: انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سونے کی اسمگلنگ اور سونا مافیا کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کے لیے ایجنسیوں پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔
ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ٹاسک فورس کی تشکیل کا مقصد اسمگلروں کو پکڑنا ہے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹاسک فورس نے مافیا اور اسمگلروں کی فہرستیں بھی تیار کرلی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
مزید برآں حکومت نے سونے کی خرید و فروخت کو کمپیوٹرائز کرنے اور سونے کے ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام اور ملک دونوں کو فائدہ ہوگا، سونے کی قیمت پہلے ہی گر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 36 ہزار روپے سے کم ہوکر 2 لاکھ 14 ہزار روپے ہوگئی ہے۔