کراچی- گھوٹکی (ویب ڈیسک): گھوٹکی میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی دوران علاج انتقال کرگئے۔نصر اللہ گڈانی جو 4 روز قبل میرپورماتھیلو سندھ میں مسلح افراد کے حملے میں زخمی ہوئے تھے آج صبح کراچی کے آغا خان اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔نصراللہ گڈانی کی میت کو مقامی اسپتال سے ان کے آبائی گاؤں واقع میرپورماتھیلو کے قریب قبول گڈانی روانہ کردی گئی ہے، جہاں شام 5 بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی .
نصراللہ گڈانی کی میت کو ایمبولینس کےذریعے میرپورماتھیلو منتقلی کے دوران میت جامشورو پہنچےپرشہریوں کی جانب سےشہیدکوخراج عقیدت پیش کیاگیا. شہریوں کی جانب سے ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی گئی.
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میرپور ماتھیلو کے صحافی نصراللہ گڈانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نصراللہ کے انتقال پر ان کے اہلخانہ اور ادارے کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے نصراللہ کی زندگی بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے لیکن اللہ پاک کو یہی منظور تھا، نصراللہ کو ائیر ایمبولنس سے رحیم یار خان سے کراچی لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جبکہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری و اراکین مجلس عاملہ نے میر پور ماتھیلو کے صحافی نصراللہ گڈانی کی مغفرت کی دعا کرتے ھوئے کہا ہے کہ سندھ صحافیوں کے لئے خطرناک ہوتا جارہا ہے سندھ پروٹیکشن کمیشن کی کار گزاری سوالیہ نشان بن چکی ہے کمیشن عملی طور پر ناکام ھوگیا ہے شہید نصراللہ گڈانی کا لہو رنگ لائے گا ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کے یو جے سمیت ملک بھر کے صحافی پی ایف یو جے کی قیادت میں بھر پور جدوجہد کریں گے – شہید نصراللہ گڈانی کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا انہیں علاج معالجے کے لئے کراچی منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے.
کے یو جے کے صدر طاھر حسن خان ، جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری و اراکین مجلس عاملہ نے شہید صحافی کے علاج معالجے کے لئے تعاون کرنے پر حکومت سندھ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور ائیرایمبولینس فراھم کرنے پر فیصل ایدھی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے سندھ عامل صحافیوں کے لئے خطرناک ہوتا جارھا ھے گزشتہ ایک سال میں سکھر ڈویژن میں دو مضبوط و معروف صحافیوں شہید جان محمد مھر اور شہید نصراللہ گڈانی کو شہید کیا گیا اور قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوسکے ہیں .
دوسری جانب میرپورماتھیلو کے شہید صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ایس ایس گھوٹکی کے دفتر کے سامنے صحافیوں، شہریوں اور سیاسی و سماجی تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے.
مظاہرین نےاعلان کیا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک قومی شاہراہ بلاک رہے گی-