بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ایرانی سرحد پر موجود دہشت گردوں کے ایک گروپ نے جلگئی سیکٹر میں پاک ایران سرحد پر معمول کے گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔
حملے میں نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید سمیت 4 فوجی شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ایرانی سرحد پر موجود ان دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایرانی فریق سے ضروری رابطہ کیا جا رہا ہے۔