وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14 ارب 60 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر بھی گزشتہ سال اکتوبر کے بعد سے بلند ترین سطح پر ہیں۔
مزید برآں مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 8.072 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ کمرشل بینکوں میں ڈپازٹس کی مالیت 5.033 ارب ڈالر ہے۔
مرکزی بینک نے گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے 2.0 ارب ڈالر، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1.2 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے 1.0 ارب ڈالر موصول ہوئے۔
اس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14 جولائی 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 4,203 ملین ڈالر کے اضافے سے 8,727.2 ملین ڈالر ہوگئے۔
دریں اثنا کمرشل بینکوں کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5,338.1 ملین امریکی ڈالر رہے۔ 07 جولائی 2023ء کو ختم ہونے والے گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے کل مائع زرمبادلہ کے ذخائر 9,838.5 ملین امریکی ڈالر تھے۔
ان میں مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 4 ہزار 524 ملین ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5 ہزار 314.5 ملین ڈالر تھے۔