وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خارجہ سوڈان میں مقیم پاکستانیوں کی امداد اور بچاؤ میں پیش پیش ہے اور آج خرطوم سے روانہ ہونے والا 211 پاکستانیوں کا ایک اور قافلہ پورٹ سوڈان پہنچا ہے۔
تازہ ترین قافلے کے ساتھ ہی پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 700 تک پہنچ گئی ہے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خرطوم اور پورٹ سوڈان میں سفیر میر بہروز ریگی کی ٹیم سوڈان میں موجود پاکستانیوں کے انخلاء تک ان کے قیام کی سہولت کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ خطے کے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ انخلا کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے خطے میں پاکستانی مشنز اور سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی سربراہی میں دفتر خارجہ کی پوری ٹیم کی سخت محنت کو بھی سراہا جو انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کے عمل کی قیادت کر رہے تھے۔