وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے سعودی عرب سے آنے والے مسافروں سے منکی پاکس کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
سعودی عرب سے آنے والے ڈی پورٹ ہونے والوں کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک علیحدہ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔
نئے قوانین کے مطابق کاؤنٹر نمبر 5 پر امیگریشن صرف سعودی عرب سے آنے والے افراد کے لیے کی جائے گی۔
ایف آئی اے نے امیگریشن عملے کو فیس ماسک، دستانے، سینیٹائزر اور حفاظتی یونیفارم فراہم کیے ہیں جبکہ امیگریشن عملے کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں جدہ سے کراچی آنے والے 30 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی، متاثرہ شخص جدہ میں ڈرائیور تھا اور وہ مسقط کے راستے کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں اور منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے پر مسافر کو آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔
اب محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے پی سی آر ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔