وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بلائے گئے اجلاس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات سمیت اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حکومت کی قانونی ٹیم بھی اجلاس کو عدالتی امور پر بریفنگ دے گی، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس کے اختیارات ختم کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ یہ بل موثر نہیں ہوگا اور نہ ہی فیصلہ آنے تک اس پر کسی طرح عمل درآمد ہوگا۔
جمعہ کو قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ کے حکم کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی تھی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ اپنے معاملات میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آج کل سپریم کورٹ آف پاکستان سیاست میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔