ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔
فواد چوہدری کو ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ پر اسلام آؓباد کے رہائشی محمد ہارون کی درخواست پر سائبر کرائم نے نوٹس جاری کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو 17 مارچ کو طلب کیا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائد کیا۔
درخواستگذار کے مطابق توشہ خانہ کے جاری ریکارڈ میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں، دھمکی آمیز اور قانون کے منافی ٹوئٹ پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہوچکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ان معاملات پرخاموشی تباہ کن ہے۔