غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے سندھ پولیس نے جعلی نمبر پلیٹس، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور اسلحے کی نمائش کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز نے پانچ ڈی آئی جیز کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں انہیں ایسی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکھر پولیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ حیدرآباد، میرپور خاص اور لاڑکانہ سے آپریشن شروع کرے گی۔
اسی طرح کراچی ٹریفک پولیس شہر کے تمام سات اضلاع جنوبی، سٹی، وسطی، شرقی، کورنگی، غربی اور ملیر میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی قیادت کرے گی۔
پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں میں جعلی نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا استعمال عام بات ہے، جس کی وجہ سے حکام کے لیے ان کا سراغ لگانا مشکل ہوجاتا ہے۔
اسلحے کی نمائش بھی ایک سنگین جرم ہے اور پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ کریک ڈاؤن مرحلہ وار کیے جانے کا امکان ہے، صوبے کے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقے میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔