وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پیپلز اور الیکٹرانک بسوں کے 13 اپریل سے مزید تین روٹس کا اعلان کردیا ہے.
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس میں کراچی کے عوام کے لئے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں الیکٹرانک بسوں کے 3 نئے روٹ شروع کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا روٹ 13 اپریل سے ملیر الآصف مارکیٹ سے ٹینک چوک تک، دوسرا روٹ 14 اپریل سے بحریہ ٹاون سے لیکر ٹینک چوک اور ٹینک چوک سے نمائش چورنگی تک جبکہ تیسرا روٹ 18 اپریل سے نارتھ کراچی سے براستہ نیوکراچی الاصف اسکوائر، عائشہ منزل، گرومند، ایمپریس مارکیٹ، آئی آئی چندریگر روڈ سے ڈاکیارڈ تک کا تقریباً 30 کلومیٹر کا ہوگا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر کابینہ اجلاس میں دو مرتبہ پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافے کو روکا گیا ہے، کیونکہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں اپنے شہریوں کو حتی الامکان سہولت مہیا کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس 30 سے 40 کلومیٹر کے سفر کو صرف 50 روپے میں ممکن بنارہی ہے جو موٹر سائیکل کے خرچ سے بھی کم ہے۔