نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو ذیابیطس اور مرگی کی ادویات کی فراہمی میں پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق وزیر صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر انسولین اور ہیپارن ادویات کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ندیم جان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے رجسٹریشن کیسز کی ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتار کارروائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فاسٹ ٹریک پر رجسٹریشن کو یقینی بنائیں اور ہفتہ وار بنیادوں پر وزیر کو رپورٹ کریں۔
ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ ادویات کی رجسٹریشن سے مارکیٹ میں ادویات کی فراہمی میں مدد ملے گی، خاص طور پر ذیابیطس اور مرگی کے مریضوں کے لئے۔ انہوں نے کہا کہ فارما انڈسٹری کی استعداد کار بڑھانے کیلئے موثر ترین اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فارما انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔
ہم فارما انڈسٹری کے ساتھ مشاورت سے کام کر رہے ہیں، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے ترجیحی بنیادوں پر 10 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا۔