(ویب ڈٰیسک): انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹر جو روٹ نے سابق انگلش کپتان سر الیسٹر کُک سے اہم اعزاز چھین لیا۔جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میں شاندار اننگز کھیلی اور انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
روٹ نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز کا 71 واں رن مکمل کیا، جس کے بعد انہوں نے الیسٹر کُک کا 12 ہزار 472 رنز کا ریکارڈ توڑا۔
جو روٹ نے یہ سنگ میل اپنے 147 ویں ٹیسٹ میچ میں عبور کیا۔
واضح رہے کہ الیسٹر کُک نے 161 ٹیسٹ میچزمیں 12 ہزار 472 رنز بناکر انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 200 ٹیسٹ میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے تھے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ہے، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13ہزار 378 رنز اسکور کیے تھے۔
جنوبی افریقا کے جیک کیلس نے 13 ہزار 289، بھارت کے راہول ڈریوڈ نے 13 ہزار 288 رنز بنائے تھے۔
ملتان ٹیسٹ کا تیسرا روز، انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ، جو روٹ اور ہیری بروک کی سنچریاں
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ان کے12 ہزار 500 سے زائد رنز ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور ہیری بروک نے سنچریاں اسکور کی ہیں۔