فائر سٹون انڈی این ایکس ٹی چیمپیئن شپ میں ان کا دوسرا آغاز تھا، جو انڈی کاروں سے پہلے آخری محاذ تھا، انعام احمد نے باربر موٹراسپورٹس پارک میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے نہ صرف سخت جدوجہد کی بلکہ ہوشیار بھی رہے۔
امریکہ میں ٹاپ لیول موٹر ریسنگ سیریز باربر موٹر اسپورٹس پارک میں منعقد ہونے والی ریس میں 18 ڈرائیورز نے شرکت کی، جنہیں دنیا کے بہترین ڈرائیوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
حتمی نتائج کے اعلان کے بعد انعام احمد نے کہا کہ میں نتائج اور اپنی ٹیم کیپ موٹراسپورٹس کی کوششوں سے بہت خوش ہوں، خاص طور پر جب یہ اس سیریز میں ان کا پہلا سال ہے، میں نے بہت سارے پوائنٹس حاصل کیے۔
ریسر نے مزید کہا کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں اپنی گاڑی پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہوں۔
انعام احمد نے 18 ڈرائیوروں کے میدان میں گرڈ پر نویں سے آغاز کیا، ایک حادثے کے بعد ریس دوبارہ شروع ہونے کے بعد کلین اور اسمارٹ ڈرائیو نے انہیں چھٹے نمبر پر لا کھڑا کیا۔
آخری مرحلے میں وہ چوتھے نمبر پر پہنچنے میں کامیاب رہے جو کہ پاکستان موٹر اسپورٹس کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ یہ کسی پاکستانی ڈرائیور کی جانب سے بین الاقوامی موٹر ریسنگ کے اعلیٰ درجے میں اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔
انعام احمد کا سفر 13 مئی کو انڈیاناپولس موٹر اسپیڈ وے روڈ کورس میں جاری رہے گا۔