امریکہ میں 17 میوزک پبلشرز کے ایک گروپ نے ٹوئٹر کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس پلیٹ فارم نے تقریبا 1700 گانوں پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
نیشنل میوزک پبلشرز ایسوسی ایشن (این ایم پی اے) نے ہرجانے کی مد میں 25 کروڑ ڈالر (19 کروڑ 77 لاکھ پاؤنڈ) سے زائد کا مطالبہ کیا ہے۔
نیش ویل کی فیڈرل ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں این ایم پی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوئٹر منافع کے لیے خلاف ورزی کی اجازت دیتا ہے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے کے بعد سے صورتحال میں بہتری نہیں آئی ہے۔
این ایم پی اے کے صدر ڈیوڈ اسرائیل نے ایک بیان میں کہا کہ ٹوئٹر سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے طور پر اکیلا کھڑا ہے جس نے اپنی سروس پر لاکھوں گانوں کو لائسنس دینے سے مکمل طور پر انکار کر دیا ہے۔