اسلام آباد (ویب ڈیسک): جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں،ان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں، ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن قوم سے معافی مانگے، کیا چند سرکاری افسر بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کریں گے، ملک بھر کے عوام، نوجوانوں کو کیا پیٖغام دے رہے ہیں۔
مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں غداری کا مرتکب ہوا ہے، بلٹ نے بیلٹ کو اٖغوا کیا ہے، دھاندلی میں ملوث افراد قومی مجرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک جعلی الیکشن تھا، الیکشن کمیشن کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے، کراچی میں ہمارے امیر نے اپنی سیٹ واپس کردی کیوں کہ وہاں پی ٹی آئی امیدوار جیتا تھا، لیاقت چٹھہ نے کچھ حد تک کچا چٹھا کھول دیا۔
سینیٹر مشتاق احمد نے سوال اٹھایا کہ 3 دن سےٹوئٹر کیوں بند ہے؟ دال میں کچھ کالا نہیں، پوری دال کالی ہے، معلوم ہوگیا تھا کہ الیکشن صاف شفاف نہیں، الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔