اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ تین روز میں سابق صوبائی کابینہ ارکان اور دیگر کی پروٹوکول سہولیات واپس لیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور آئی جی رفعت مختار کو ٹاسک مکمل ہونے پر فوری طور پر تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ کابینہ کے سابق ارکان اب بھی پروٹوکول مراعات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
کمیشن نے یاد دلایا کہ اس سے قبل 15 اگست کو صوبائی حکام کو سابق وزرائے اعظم، وزرائے اعلیٰ، کابینہ کے ارکان اور دیگر افراد سے سرکاری رہائش، گاڑیاں اور دیگر مراعات ہٹانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔