اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے 14 مئی کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت کے لیے آج ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کے 8 اکتوبر کو انتخابات کرانے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اپنے سابقہ انتخابی شیڈول کو بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس میں 13 روز کی توسیع کردی۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن 90 دن کی مقررہ مدت سے آگے نہیں بڑھ سکا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے کی وجہ سے 13 دن ضائع ہوئے۔
عدالت نے پنجاب کی نگران حکومت کو الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمیشن کو ہدایت کی کہ اگر حکومت ایسا کرنے سے انکار کرتی ہے تو آگاہ کیا جائے، الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔
فیصلے کے مطابق امیدوار 10 اپریل سے کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، انتخابی ادارہ 19 اپریل کو امیدواروں کی فہرست شائع کرے گا اور 20 اپریل تک انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔