مصر کے شہر اسماعیلیہ میں پیر کی علی الصبح ایک پولیس ہیڈ کوارٹر میں آگ لگنے سے کم از کم 38 افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق صبح سویرے پولیس ہیڈ کوارٹر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے متعدد فائر ٹرک موقع پر پہنچ گئے، ابھی تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
حکام نے انکشاف کیا کہ 12 زخمیوں کو جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 26 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعے کے وقت عمارت میں کتنے پولیس اہلکار موجود تھے۔
آتشزدگی سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عمارت سے آگ کے شعلے اور کالا دھواں نکلتا ہوا دکھایا گیا ہے۔