اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کے لیے حکومت نے نہ تو فنڈز فراہم کیے اور نہ ہی سیکیورٹی فراہم کی۔
الیکشن کمیشن نے ایک صفحے کی رپورٹ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو پیش کردی، جس کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حکومت نے ابھی تک 21 ارب روپے فراہم نہیں کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت نے سیکیورٹی کے لیے صرف 75 ہزار اہلکار فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ پنجاب میں انتخابات کے لیے 3 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر سیل بند رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرادی، اس موقع پر الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ انہیں رپورٹ کے مندرجات کا علم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے لیے حکومت کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے، حکومت کو پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے جاری کرنے تھے۔