الیکشن کمیشن کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ابھی تک اجلاس کا وقت طے نہیں کیا، اجلاس کے شرکا صدر کی جانب سے لکھے گئے خط کا جائزہ لیں گے۔
قانونی ٹیم صدر کی تجویز پر قانونی بریفنگ اور ماہرین کی رائے دے گی۔ اجلاس میں چار اراکین اور متعلقہ ونگز بھی شرکت کریں گے۔
مشاورت کے بعد الیکٹرورل واچ ڈاگ عام انتخابات کے حوالے سے صدر کی تجویز کا جواب دے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں عام انتخابات کے لیے 6 نومبر کی تاریخ تجویز کی تھی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں صدر مملکت نے ملک میں عام انتخابات کے لیے 6 نومبر کی تاریخ تجویز کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چيف الیکشن کمشنر ، سکندر سلطان راجہ، کے نام خط
صدر مملکت نے 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، صدر مملکت pic.twitter.com/5W88oKxX62
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 13, 2023
قومی اسمبلی کو 9 اگست 2023 کو وزیر اعظم کے مشورے پر صدر مملکت نے تحلیل کیا تھا۔
صدر مملکت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 48 (5) صدر مملکت کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تحلیل کی تاریخ سے 90 دن سے کم کی تاریخ کا تعین کریں۔
آرٹیکل 48 (5) کے تحت قومی اسمبلی کے عام انتخابات قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے 89 ویں دن یعنی پیر 6 نومبر 2023 تک ہونے چاہئیں۔