اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سائبر سیکیورٹی کی ممکنہ خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعدد ملازمین کو نامعلوم افراد کی جانب سے مشکوک ای میلز موصول ہونے کی اطلاع دی ہے۔
اس خطرناک پیش رفت کے جواب میں ای سی پی نے فوری طور پر سائبر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا جس میں اپنے افسران کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی کوئی ای میل نہ کھولیں جس میں غیر مجاز ڈیٹا کے حصول کے مقصد سے رینسم ویئر حملے کا شبہ ہو۔
کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں تمام ملازمین سے انتہائی محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے اور انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نامعلوم یا گمنام ذرائع سے موصول ہونے والی کسی بھی ای میل کو نظر انداز کریں اور رپورٹ کریں۔
پیغام میں واضح طور پر ای میلز کو ممکنہ رینسم ویئر خطرات کے طور پر لیبل کیا گیا ہے جو قیمتی معلومات کو غیر مجاز طور پر نکالنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
دریں اثنا، انتخابی نگران ادارے نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو ممکنہ سائبر حملوں سے بچانے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایسے میں جب ملک آئندہ عام انتخابات کی تیاری کر رہا ہے، کمیشن نے سائبر خطرات سے نمٹنے اور رائے دہندگان کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔