الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آج حلقہ بندیوں کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات اور تجاویز سننے کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 54 روزہ انتخابی شیڈول مکمل ہونے کے بعد جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے بیان سے انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ختم ہوگئی کیونکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی زیر قیادت سابقہ حکومت نے نئی مردم شماری کی منظوری دی تھی جس کے بعد انتخابات کے انعقاد سے قبل نئی حلقہ بندیوں کا حکم دیا گیا تھا جس سے انتخابات میں غیر ضروری تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
اس سال اگست کے اوائل میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی قبل از وقت تحلیل کے بعد، الیکشن کمیشن کو 90 دن کی مقررہ مدت کے اندر انتخابات کروانے کی ضرورت تھی، جس کا مطلب ہے کہ انتخابات 6 نومبر سے پہلے نہیں ہونے چاہئیں۔
تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات سے قبل نئی حدیں طے کرنے کا آئینی طور پر پابند ہے لہٰذا 90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی الیکشن کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کے لئے جلد از جلد انتخابات کرائے۔