اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ملک میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے میں کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ باقاعدگی سے ہونے والے اجلاسوں میں حلقہ بندیوں کو مکمل کرنے پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔
ای سی پی کے اعلیٰ سطحی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ پولنگ کے دن کا تعین جلد اور ماہ کے اختتام سے قبل کیا جائے گا کیونکہ یہ مخصوص سوال ابھی تک ای سی پی کے اجلاسوں کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ حلقہ بندیوں کے عمل کو اس طرح یقینی بنانے کے لئے ہفتوں سے تندہی سے کام کر رہے ہیں کہ اس پر سوال نہ اٹھایا جا سکے۔
اس عمل کی نگرانی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور کمیٹی ممبران سے کہا گیا ہے کہ وہ ماتحت کمیٹیاں تشکیل دیں جن میں ایسے افراد شامل ہوں جن کی دیانت داری پر سوال نہیں اٹھایا جاسکتا، کمیٹی ممبران کی بھی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ ان کا کام سیاست سے متاثر نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق مختلف جماعتوں کی سیاسی قیادت کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کا سلسلہ الیکشن کمیشن کے عمل کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا کیونکہ کسی بھی قابل ذکر جماعت نے حلقہ بندیوں کی مخالفت نہیں کی تھی۔
جہاں تک ایک مخصوص مدت میں انتخابات کا سوال ہے، تاہم پارٹیوں کے ٹائم لائن کے بارے میں مختلف خیالات ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کو بتایا ہے کہ حلقہ بندیوں کے عمل کے دوران غیر ضروری جلد بازی کا استعمال نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور انتخابات کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن رواں ماہ کے آخری ہفتے میں انتخابی شیڈول کے سوال پر غور کرے گا، انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے سے پہلے موسم اور دیگر لاجسٹک پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے انتخابات سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، یہ کسی بھی طرف سے آنے والے کسی بھی دباؤ میں نہیں جھکے گا۔
الیکشن کمیشن بظاہر نگران انتظامیہ کی جانب سے انتخابات کے حوالے سے مطلوبہ حمایت کی فراہمی کی یقین دہانیوں سے بھی مطمئن ہے، ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ عام انتخابات اگلے سال جنوری کے آخری ہفتے میں ہوسکتے ہیں۔
بظاہر الیکشن کمیشن نے اپنے دفتر کی تیسری منزل کو جدید ترین آلات کے لیے مختص کیا ہے تاکہ انتخابات سے قبل اور بعد کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے، اسے نگرانی مرکز کے طور پر استعمال کیا جائے گا جہاں گنتی کے فورا بعد انتخابی نتائج پہنچیں گے۔
ایک غیر متعلقہ پیش رفت میں، صدر عارف علوی گزشتہ جمعے سے پراسرار طور پر خاموش ہیں۔ ان کے سرکاری ترجمان نے بھی بات چیت نہیں کی۔
صدر شاید اس ہفتے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے والے تھے لیکن ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے ہوں۔
ملک کے صدر کی حیثیت سے ان کی پانچ سالہ مدت کل (جمعہ) کو ختم ہو رہی ہے، اگرچہ انہیں ایک دن کا اجلاس بلانے کا مشورہ دیا گیا ہے، اور مبہم طور پر وہ افواہوں سے متفق تھے، لیکن اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس آئینی رعایت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں جو انہیں اپنے جانشین کے انتخاب تک عہدے پر رہنے کی اجازت دیتی ہے۔
عارف علوی کے ساتھ مخمصہ یہ ہے کہ اگرچہ ان کے پاس آئینی حمایت ہے لیکن ان میں سیاسی خیر سگالی کا فقدان ہے۔