پاکستان میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، بنوں، پشاور، لاہور، ایبٹ آباد، لورالائی، جڑانوالہ، میلسی، چیچہ وطنی، منچن آباد، لکی مروت، کوہلو، جہانیاں، پاکپتن، شورکوٹ، ڈجکوٹ، شکر گڑھ، لودھراں، لیہ سمیت ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس خوفناک زلزلے نے افغانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین اور کرغزستان کے کچھ حصوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دفاتر سے بھاگ نکلے۔
اطلاعات کے مطابق 11 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے 9 پاکستان میں اور 2 افغانستان میں جاں بحق ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی شدت رات 9 بج کر 47 منٹ پر محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز افغانستان کے علاقے ہندوکش تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان کے شہر جورم میں 186 کلومیٹر سے زیادہ گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں کے پیش نظر اسلام آباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ عملہ اور ہسپتال انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کے بعد ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔