کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بیرون ملک جانے والے مسافر کو منشیات لے جاتے ہوئے پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف حکام نے سعودی عرب جانے والے مسافر کو آئس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ رحمت اللہ کو اس کے سامان میں 1.264 کلوگرام آئس کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کو اپنے سامان میں چھپانے والا مسافر جدہ جا رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل 16 اگست کو ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکاروں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 75 کلو گرام منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔
سیکیورٹی حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 75 کلو گرام منشیات برآمد کرنے کے علاوہ کلیئرنگ ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ منشیات فروشوں نے ان منشیات کو حلوے کے ڈبوں میں چھپا رکھا تھا۔