پشاور:خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر حکام نے 5 اضلاع کو ہائی رسک زون قرار دے دیا۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حکام کے مطابق پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور بٹگرام سمیت پانچ اضلاع ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کے حوالے سے خطرناک علاقوں میں شامل ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 165 تک پہنچ گئی ہے، ضلع پشاور میں ڈینگی وائرس کے 38، مردان میں 32، صوابی میں 19، چارسدہ میں 14 اور بٹگرام میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک خیبر پختونخوا کے 20 اضلاع سے ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ بنوں، ہنگو، لکی مروت، خیبر، تور گھر اور ہری پور سمیت کچھ اضلاع میں بھی گزشتہ چند روز کے دوران ڈینگی کے کچھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نگران مشیر صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے حساس اضلاع میں سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔