(ویب ڈیسک): کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور جماعت اسلامی نے پنجاب کے ساتھ پورے ملک کیلئے بجلی کے نرخ کم کرنے اور ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی مصطفی کمال نے کہا کہ نواز شریف کی بجلی کم کرنے کی نیوز کانفرنس سے پورے پاکستان کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا، صرف پنجاب میں عوام کے لیے بجلی کا بل کم کرکے غلط میسج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بجائے وزیراعظم کو پورے ملک کے لیےپریس کانفرنس کرنی چاہیے تھی۔ نواز شریف کی نیوزکانفرنس کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ بیس روپے تک کمی ہونی چاہیے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز نواز شریف اور مریم نواز نے پریس کانفرنس میں پنجاب میں 2 ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، بجلی کی قیمتوں کا ریلیف پورے پاکستان کو ملنا چاہئے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں؟ جبکہ صدر آصف علی زرداری وفاق کے نمائندے ہیں اور کراچی کے ٹیکس سے ہی وفاق کا نظام چلتا ہے۔
اُدھر مریم نواز نے مصطفی کمال کے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر دیے گئے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب نے ریلیف مفت نہیں پیسے دے کر لیا اور بجٹ سے 45 ارب روپے کی ادائیگی کی ہے‘۔ انہوں نے مصطفی کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خوشی ہوگی کہ آپ اپنی (سندھ) حکومت سے بات کریں اور صوبائی حکومت عوام کو یہ ریلیف فراہم کرے۔
اس پر مصطفی کمال نے سوشل میڈیا پر مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیا کہ مشورہ دیتے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا 15 سالوں میں برتاؤ اتنا ہی اچھا ہوتا تو ہمیں آپ کی غیر مشروط حمایت کی کیا ضرورت تھیَ وزیراعظم سے سندھ بالخصوص کراچی کے عوام پر رحم کرنے کی درخواست کی کیونکہ انہوں نے کئی بار آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور اب ہم اُن کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔