اتحادی ایم کیو ایم پاکستان نے بھی قومی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب مردم شماری کے حوالے سے اپنی مہم کی تیاریاں آج سے شروع کرے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ وہ ملکی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کی تجویز پر عمل کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی ضمنی انتخابات میں حصہ نے لینے کا فیصلہ کر چکی ہیں، ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے بھی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی تھی۔
کراچی میں پارٹی کے بہادرآباد دفتر میں ہونے والے اجلاس میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ صرف تین ماہ تک ضمنی انتخابات کے ذریعے عوام کی خدمت نہیں کر سکیں گے۔
اب ایم کیو ایم مردم شماری کے حوالے سے اپنی مہم کی تیاریاں آج سے شروع کرے گی۔
اجلاس میں پارٹی رہنما مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور نسرین جلیل سمیت دیگر نے شرکت کی۔
قبل ازیں اسی دفتر میں پارٹی کی سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انتخابات کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی۔
اجلاس میں کراچی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مزید برآں یکم مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے سندھ کے مختلف شہروں سے آگاہی پیدا کرنے اور حمایت حاصل کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں کراچی اور حیدرآباد میں مکمل اسٹریٹ سپورٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے لیے دعا کی گئی۔