پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں آپریشن کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے ایک اہم کمانڈر اور داعش کے دو جنگجو ؤں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پانچ دہشت گردوں کو اٹک سے گرفتار کیا گیا۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو راولپنڈی، بہاولپور اور جہلم سے بھی گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹیں بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل 9 ستمبر کو سی ٹی ڈی نے راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار دہشت گردوں میں عیسیٰ بھی شامل ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ داعش یا دولت اسلامیہ کا مرکزی رکن ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عیسیٰ کو آئی بی او میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹر، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ اس ہفتے 369 کومبنگ آپریشن کیے گئے جن میں 52 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔