پاکستان سپر لیگ سیزن آٹھ کی افتتاحی تقریب میں پاکستانی اداکارہ اور گلوکارہ آئمہ بیگ کی جانب سے گایا گیا قومی ترانہ سوشل میڈیا صارفین کیلئے ایک نیا موضوع بن گیا۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی ہمیشہ عوام کے درمیان بحث کا موضوع ہوتی ہے اور کون پرفارم کر رہا ہے اور آتش بازی کیسی ہوگی، کیوں کہ اس کا ہم پورا سال انتظار کرتے ہیں۔
گذشتہ دن ملتان میں پاکستان سپر لیگ سیزن آٹھ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں آئمہ بیگ نے قومی ترانہ گایا تھا۔
اس سال آئمہ بیگ نے قومی ترانہ اپنے مخصوص انداز میں گایا تھا، لیکن عوام اس سے متاثر نہیں ہیں، زیادہ تر لوگوں نے ان کا لہجہ قومی ترانہ گانے کے مطابق نہیں پایا اور تقریب کے آغاز کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے آئمہ بیگ کی گائکی کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ پہلی بار غمزدہ قومی ترانہ سنا، ایسی بھی کیا بات ہے کہ کسی کو بھی سڑک سے اٹھاؤ اور قومی ترانہ گوادو۔
ایک صارف نے کہا کہ ہر ملک کا قومی ترانہ اس کی عزت ہوتا ہے اور وہ سر جھکا کر احترام کے ساتھ گایا جاتا ہے، ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ آئمہ بیگ کا لہجہ برطانوی قومی ترانے جیسا تھا۔