پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے لاہور اور سرگودھا میں کارروائیوں کے دوران کالعدم القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور دیسی ساختہ بم برآمد کیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن 33 مشتبہ افراد سے مکمل تفتیش کے بعد کیا گیا۔
حکام نے پانچ مقدمات درج کیے اور انٹیلی جنس رپورٹس پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملک میں سیکیورٹی فورسز، سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات سمیت متعدد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، گرفتار عسکریت پسندوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کو یقین ہے کہ اس آپریشن سے ملک میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گرد سرگرمی کو روکنے میں مدد ملے گی۔