چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور سیاسی بنیادوں پر بغاوت کرنے والے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 81 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران فورم نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اور ان کے آلہ کار جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے سماجی تقسیم اور الجھن پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں لیکن قوم کی مکمل حمایت سے ایسے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں اور سول سوسائٹی کے شہداء سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فورم نے زور دے کر کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہل خانہ کا ہمیشہ احترام کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو انتہائی احترام اور وقار کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتی رہیں گی۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔