وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ اگر مردم شماری پر اعتراض درست نہ ہوئے تو ہم وفاقی حکومت کی سپورٹ ہٹالیں گے اور سیاسی سطح پر بھی لائحہ عمل تیار کریں گے۔
کراچی گیمز کے تحت منعقد گدا گاڑی ریس کا مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کرنے کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر مردم شماری شفاف نہ ہوئی صوباِی حکومت کو سوچنا پڑےگا، ہم مردم شماری سے سندھ حکومت کی مدد ہٹانےپر مجبور ہونگے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2017 میں ہمیں کہا گیا کہ آپ کے لوگوں نے ہی مردم شماری کی تھی، اگر مردم شماری پر اعتراض درست نہ ہوئے تو ہم سپورٹ ہٹالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری شفاف نہ ہوئی تو سیاسی سطح پر بھی لائحہ عمل دینگے، ایسی صورتحال پیدا نہ کریں کہ ہم مردم شماری کو قبول نہ کریں، تفریق پیدا کرنےکی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ الزام لگانےکی سیاست سندھ میں نہیں چلےگی، بھائی چارگی، محبت اور برداشت کا پیغام صوفیا نےدیا ہے، پیار محبت سے جو ہٹے گا اس کا جواب دینا آتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اخلاق سےگری ہوئی باتیں کرنےکا رواج پی ٹی آئی نےڈالا ہے، ایک شخص کےکہنےپر اسمبلیاں تحلیل کی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم سیاسی جماعت ہیں ہم الیکشن میں جائیں گے، اکتوبر میں قومی اسمبلی کے انتخابات ہونےہیں، جب قومی اسمبلی الیکشن ہونگےتو پنجاب میں سیاسی حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک شدید مالی بحران سےگزر رہاہے، عدالتوں کو آئینی پیچیدگیوں کو دیکھنا چاہیے، عدالتوں سےبصد احترام کہنا چاہتا ہوں، کبھی کبھی میڈیا کےدباو پر بھی فیصلے کیےجاتےہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی گیمز کا انعقاد کے ایم سی نےکیا، روایتی کھیلوں کےمقابلے منعقد ہوئے، شرکا اور جیتنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔