سکھر: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حکومت سندھ کے سندھ انڈوومنٹ فنڈ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے سالانہ 200 سے بڑھا کر 300 طلباء کو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں داخلے کیلئے مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے کنوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ یونیورسٹی کے 5000 طلباء میں سے 70 فیصد طالب علم سے زیادہ اسکالرشپس پر اندراج کرارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے سندھ انڈوومنٹ فنڈ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے ہر سال 200 طلباء کو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں داخلے کے لیے مدد فراہم کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری حکومت ہمارے نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کر رہی ہے اور ہم اس تعداد کو سالانہ 300 تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ چند سال کئی ناگزیر وجوہات کی بنا پر بہت تباہ کن ثابت ہوئے ہیں، کویڈ 19 ہمارے لیے ایک بڑا مسئلہ تھا لیکن بہتر اقدامات کرکے ہم نے اُس پر قابو پایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران سندھ کے ایک عظیم شخصیت اور رہنما پروفیسر نثار احمد صدیقی بھی ہم سے رخصت ہوگئے، صوبے اور ملک کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور یونیورسٹی کو دنیا کے ٹاپ بزنس اسکولوں کے برابر لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔