کراچی (ویب ڈیسک): ترجمان نگران وزیراعلیٰ سندھ نے عام شہریوں کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق دو روز قبل حکومت سندھ کی جانب سے سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے فیصلے کے خلاف ایک اپیل دائر کرنے کے لیے سپریم کورٹ لائی گئی تھی تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کی وجہ سے اپیل دائر نہ ہو سکی اور طریقہ کار کے مطابق اس درخواست کو اگلے روز خود ہی دائر ہو جانا تھا۔
تاہم جب یہ معاملہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر آیا تو اسی روز سندھ حکومت کی جانب سے اس کی تردید سامنے آنے لگی اور اب باقاعدہ طور پر ترجمان نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے اس حوالے سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے کہ سندھ حکومت نے ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل فائل کی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کیلئے سپریم کورٹ میں کوئی اپیل دائر نہیں کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت اور وزارت دفاع نے سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے سپریم کورٹ کے فیصلے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی تھیں جس میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔