آئی ایس پی آر کے مطابق چترال کے علاقے کیلاش میں افغان سرحد کے قریب واقع پاک فوج کی دو چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے 4 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبر 2023 کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع دو پاکستانی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور حملوں کو پسپا کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں عسکریت پسند شدید زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے صوبوں نورستان اور کنڑ کے علاقوں گواردیش، پیٹیگل، بارگ متیل اور باتش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ارتکاز کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں عبوری افغان حکومت کے ساتھ بروقت آگاہ کردیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے خطرے کے ماحول کی وجہ سے اپنی چوکیوں کو پہلے ہی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔