کراچی کے علاقے کورنگی میں سڑک کے کنارے کھڑی کار سے 10 سالہ بچے کی لاش ملنے پر شہری حیران و پریشان ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متوفی بچے کا والد حیدرآباد میں ملازم ہے، جبکہ دل دہلا دینے والا واقعہ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پیش آیا۔
گاڑی کے مالک شہزاد نے لاش ملنے کی اطلاع پولیس کو دی، ایک مقامی رہائشی شہزاد اپنی والدہ کی دوائی لینے گیا تھا اور جب وہ اپنی گاڑی میں واپس آیا تو اسے پچھلی سیٹ پر ایک بے جان لاش ملی۔
پولیس کے مطابق لاش پر تشدد کے نشانات تھے اور شبہ ہے کہ بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم جانچ مکمل ہونے کے بعد موت کی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔
نعش ملنے کے بعد اہل خانہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا، بچے کے ماموں نے بتایا ہے کہ بچہ ذہنی طور پر معذور تھا۔
متاثرہ کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو گرفتار کیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔
تاہم پولیس نے گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔