انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی نے اپنی غیر معمولی ذہانت کے ساتھ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔
بدقسمتی سے، حالیہ واقعات نے تشویش کو جنم دیا ہے، کیونکہ چیٹ جی پی ٹی کے لاکھوں اکاؤنٹس کو ہیک کیا گیا ہے، جس میں بھارت اور پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں.
سنگاپور میں صدر دفتر رکھنے والی معروف سائبر سیکیورٹی فرم گروپ آئی بی کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق جون 2022 سے مئی 2023 کے درمیان کے عرصے میں زیر زمین آن لائن مارکیٹس پر ایک لاکھ سے زائد اوپن اے آئی چیٹ جی پی ٹی اسناد سامنے آئی ہیں۔
گروپ آئی بی کی تحقیقات میں تقریبا 101،134 متاثرہ ڈیوائسز کا انکشاف ہوا، جن میں چوری شدہ چیٹ جی پی ٹی اسناد موجود تھیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں معلومات چوری کرنے والوں کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹس کی سب سے زیادہ تعداد کو ہیک کیا گیا، جو جون 2022 اور مئی 2023 کے درمیان ریکارڈ کیے گئے کل واقعات کا 40.5 فیصد ہے۔
مشرق وسطیٰ اور افریقہ 24 ہزار 925 واقعات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ یورپ 16 ہزار 951 واقعات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
متاثرہ مخصوص ممالک کے لحاظ سے ہندوستان میں چیٹ جی پی ٹی اسناد کی سب سے زیادہ تعداد 12،632 ہے۔
اس کے بعد پاکستان میں 9 ہزار 217 اکاؤنٹس ہیک کیے گئے جبکہ برازیل میں 6 ہزار 531 اکاؤنٹس ہیک کیے گئے، بنگلہ دیش میں سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے، جہاں 2,463 اکاؤنٹس ہیک کیے گئے۔