کینیڈا کے ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی دنیا میں پہلی مرتبہ سگریٹ پر براہ راست وارننگ لیبل چھاپے گا۔
نئی پیکیجنگ میں ہر سگریٹ پر ایک انتباہ ہوگا جس میں یہ جملے شامل ہوں گے، “سگریٹ کینسر کا سبب بنتا ہے” اور “ہر پف میں زہر”۔
کینیڈا کے ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ ضابطہ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا، یہ 2035 تک کینیڈا میں تمباکو کے استعمال کو 5 فیصد سے بھی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
بدھ کے روز ایک اعلان میں ہیلتھ کینیڈا نے کہا کہ نئے ضوابط تمباکو کی مصنوعات پر صحت کے انتباہ سے بچنا تقریبا ناممکن بنا دیں گے۔
ادارہ صحت کا اندازہ ہے کہ اپریل 2025 تک کینیڈا میں خوردہ فروش صرف تمباکو کی مصنوعات لے کر جائیں گے جن پر براہ راست نئے انتباہ لیبل لگائے جائیں گے۔
ادارہ صحت کینیڈا کا کہنا ہے کہ جن مصنوعات پر ٹیپنگ پیپر پر لیبل لگائے جائیں گے ان میں انفرادی سگریٹ، چھوٹے سگار، ٹیوب اور دیگر تمباکو کی مصنوعات شامل ہیں۔
یہ اقدام 75 روزہ عوامی مشاورت کی مدت کے بعد اٹھایا گیا ہے جو گزشتہ سال شروع کیا گیا تھا۔
سگریٹ پیکج کے کور پر انتباہ کے لیبل پہلے سے ہی چھاپے جاتے ہیں، ادارہ صحت کینیڈا کا کہنا ہے کہ وہ پیکجز کے اندر اضافی وارننگ لیبل چھاپ کر اور ایک نئے بیرونی انتباہ پیغامات متعارف کروا کر ان میں توسیع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔